لیجنڈری اداکار و کامیڈین سلمان شاہد نے اپنی فلم ’کابل ایکسپریس‘ کا ایک دلچسپ واقعہ سنا دیا۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت میں فلم ’کابل ایکسپریس‘ کی شوٹنگ کے دوران میرے ہاتھ سے اصلی رائفل چل گئی، اور چلتے چلتے میرا ہاتھ دائیں جانب پھر گیا، اس دوران رائفل کے کارتوس کا بقیہ حصہ ڈائیلاگ رائٹر کے سر پر جا لگا جس کے بعد اس نے شوٹنگ پر آنے سے ہی انکار کردیا۔

سینیئر اداکار سلمان شاہد نے کہا کہ فلموں میں نقلی موچھیں لگانا یا نقلی بندوقیں پکڑنا بڑا عجیب لگتا ہے۔
بھارت میں فلم کی شوٹنگ کے دوران کچھ اس قسم کا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب اصلی بندوق اٹھا کر شوٹنگ کررہے تھے، مجھے بغیر پریکٹس کے ہی رائفل تھما دی تھی، اچانک میں نے جب اس کو چلایا تو پورا ہاتھ دائیں جانب گھوم گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے زندگی بھر ایک ہی پچھتاوا ہے کہ میں نے اپنی فلم نہیں پروڈیوس کی، میرے پاس ابھی بھی اسکرپٹ لکھے ہوئے پڑے ہیں لیکن فلم بنا نہیں سکا۔ ایسا ہوتا کہ صرف سوچا ہوتا اور کام نہ کیا ہوتا تو ایک الگ بات تھی لیکن میں نے اسکرپٹ بھی لکھ رکھے تھے لیکن فلم نہیں بنا سکا۔
سلمان شاہد نے ایک نوجوان کے سوال کے جواب میں کہا کہ عشق کرنے کے مختلف مرحلے ہوتے ہیں، جب نوجوان ہوتے ہیں تو اس کی نوعیت تھوڑی الگ ہوتی ہے، لیکن عمر جیسے جیسے بڑھتی جاتی ہے تو اس کی نوعیت بھی بدلتی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک راز کی بات بتاتا ہوں کہ جب آپ کسی بھی لڑکی سے پہلی بار بات کررہے ہوتے ہیں نا لڑکی جان بوجھ کر آپ کو ایسا محسوس کرواتی ہے کہ وہ کچھ بھی نہیں جانتی۔
اس دوران لڑکے سب کچھ بتا رہے ہوتے ہیں کہ جیسے دنیا کا سارا علم انہیں کے پاس ہے۔
ایک انٹرویو میں بھارتی فلم میں نصیرالدین شاہ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مجھے خود نہیں معلوم کہ یہ آفر کیسے ہوئی حالانکہ مجھ سے زیادہ مشہور اور قابل اداکار موجود تھے بہرحال اس لیے میں خود کو بہت خوش قسمت تصور کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں بچپن میں اپنی امی سے ساتھ تھیٹر جایا کرتا تھا، اس لیے شروع سے ہی اداکاری کا شوق پروان چڑھا اور اداکاری کی ابتدا بھی تھیٹر سے ہی کی تھی۔
سلمان شاہد اپنی بے مثال اداکاری کی بناء پر جانے جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں بولی وڈ میں بھی کام کا موقع ملا، 2006 میں کابل ایکسپریس ان کی پہلی انڈین فلم تھی جس کے بعد وہ عشقیہ اور ڈیڑھ عشقیہ میں بھی نظر آئے۔
2006 ء میں ریلیز کی جانے والی فلم ’کابل ایکسپریس‘ کے کئی سین افغانستان کے مختلف علاقوں میں فلمائے گئے۔ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں جان ابراہم اور ارشد وارثی شامل تھے۔

