انیل کپور نے حنا دلپذیر سے رابطہ کرکے کیا کہا؟

‘بلبلے’ کی ‘مومو’ اور ‘قدوسی صاحب کی بیوہ’ ڈرامے میں 25 مختلف کردار ادا کرنے والی حنا دلپذیر سے کون واقف نہیں۔ ‘مومو’ کا کردار آج بھی ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دیتا ہے تو ‘قدوسی صاحب کی بیوہ’ میں ان کے 25 مختلف کردار ناظرین کو آج تک دنگ کیے ہوئے ہیں۔

حنا دلپذیر نے 2006 میں دبئی میں ریڈیو سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ پھر پاکستان واپسی پر انہوں نے ڈرامہ ‘برنس روڈ کی نیلو فر’ میں اداکاری کے ایسے جوہر دکھائے کہ آنے والے کئی سالوں میں ان کی شہرت کا ڈنکا بجتا رہا۔

انتہائی باصلاحیت اداکارہ البتہ ان دنوں شوبز انڈسٹری سے شکوے کرتی نظر آتی ہیں۔ حنا دلپذیر عرف ‘مومو’ کا کہنا ہے کہ شوبز میں ان کو وہ مقام نہیں دیا گیا جس کی وہ حقدار تھیں۔

ٹی وی شو میں وصی شاہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کس طرح پاکستانی شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کے ساتھ امتیاز برتا گیا ہے اور پھر اس سلوک کو انہوں نے کس طرح ڈیل کیا ہے۔

حنا دلپذیر کے قدوسی صاحب کی بیوہ میں نبھائے گئے تین مشہور کردار
حنا دلپذیر کے ‘قدوسی صاحب کی بیوہ’ میں نبھائے گئے تین مشہور کردار

ان کا کہنا تھا کہ ‘ناظرین کا کسی اداکار کے بارے میں مثبت رائے قائم کرنا اس اداکار کی سب سے بڑی کامیابی سمجھی جاتی ہے’۔

وصی شاہ کے ساتھ ایک ناخوشگوار واقعہ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ایک مرتبہ انہیں امریکی ریاست ہیوسٹن میں ایک ایوارڈ شو میں مدعو کیا گیا تھا۔ شو کے منتظمین نے ان سے کہا تھا کہ ایوارڈ انہیں ہی دیا جائے گا۔ وہ تقریب میں پہلی صف میں ہی بیٹھی تھیں اور ایوارڈ لینے کے لیے اپنے نام پکارنے کا انتظار ہی کررہی تھیں کہ ایوارڈ کسی اور کو دے دیا گیا’۔

حنا دلپزیر نے کہا کہ ‘وہ ایوارڈ نہ ملنے پر دلبرداشتہ تو ہوئیں لیکن فنکار کی اصل کامیابی پرستاروں کی جانب سے دی گئی محبت ہے’۔

حنا نے یہ بھی بتایا کہ ایوارڈ شو کے منتظمین نے انہیں ایوارڈ دینے سے انکار کرنے پر کبھی معافی نہیں مانگی۔

حنا نے ایک مزید انکشاف کیا کہ معروف بالی وڈ اداکار انیل کپور نے ’’قدوسی صاحب کی بیوہ ‘‘ ڈرامہ دیکھ کر ان سے رابطہ کیا اور ان کی اداکاری کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے تیاریوں میں مصروف بھی تھیں لیکن دونوں ملکوں کے بیچ تناؤ کے باعث ان کو یہ موقع نہیں مل پایا۔

حنا نے کہا کہ وہ فردوس عاشق اعوان کا کردار نبھانے کا شوق رکھتی ہیں اور وہ یہ کردار بخوبی نبھا سکتی ہیں۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے