آن لائن دھوکہ دہی یعنی فِشنگ کے مسائل پر قابو پانے کے لیے معروف میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے نیا فیچر لانچ کیا گیا ہے جس کے تحت اب صارفین لاک سکرین ہی سے ’سپیم مواد‘ کو بلاک کر پائیں گے۔واٹس ایپ پر صارفین کو سپیم مواد بھیجنے والے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی سہولت تو پہلے سے ہی میسر ہے، تاہم اس نئے فیچر کے بعد صارفین کو سپیمنگ کرنے والے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے لیے چیٹ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ویب سائٹ ’اینڈرائیڈ پولیس‘ کے مطابق واٹس ایپ نے حالیہ دنوں میں اپنے پلیٹ فارم پر صارفین کے لیے ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ اب سپیم اکاؤنٹس کو بغیر چیٹ کھولے ہی لاک سکرین سے بلاک کیا جا سکتا ہے۔
