ایشیا کے امیر ترین آدمی کہلائے جانے والے بھارتی کھرب پتی مکیش امبانی کے نام سے تو آپ واقف ہی ہوں گے لیکن کیا

آپ کو یہ معلوم ہے کہ امیر ترین پاکستانی شخص کون ہے؟
تو پاکستان کی امیر ترین شخصیات پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین شاہد خان ہیں جو ایک اسپورٹس ٹائیکون بھی ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق شاہد خان کی دولت کا تخمینہ 12 ارب ڈالر ہے اور وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 172ویں نمبر پر ہیں۔
وہ آٹو پارٹس سپلائی کرنے والی کمپنی فلیکس این گیٹ، امریکا کی نیشنل فٹ بال لیگ میں ٹیم جیکسن ولے جیگوار، کینیڈین شہر ٹورنٹو میں فور سیزن ہوٹل اور جیکسن ولے میں فور سیز پراپرٹی کے مالک ہیں۔
شاہد خان نے این کارلسن خان سے شادی کی اور دونوں کے 2 بچے بیٹا ٹونی خان اور بیٹی شنا خان ہیں۔
بھارتی کھرب پتی کی اولادوں کے برعکس شاہد خان کی کمپنیوں کو ان کے بیٹے ٹونی خان سنبھالتے ہیں جبکہ ان کی بیٹی شنا خان ایک انٹرپرینیور اور سماجی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی راہیں خود چنی ہیں۔
شنا خان 1986 میں امریکا میں ہی پیدا ہوئیں اور ریاست ایلینائے میں یونیورسٹی لیبارٹری ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف ایلینائے سے گریجویشن کیا۔
شنا خان کئی کمپنیوں میں اہم عہدوں پر فائز ہیں اور ساتھ ساتھ فلاحی طور پر بھی خاصی سرگرم ہیں۔
حال ہی میں وہ خبروں کا حصہ اس وقت بنیں جب انہوں نے یونیورسٹی اف ایلینائے سے منسلک جانوروں کے اسپتال میں جانوروں کی صحت کے پروگرام کے لیے 4 ارب پاکستانی روپے سے زائد کی خطیر رقم عطیہ کی۔
شناخان کے اس اقدام پر بھارتی میڈیا بھی ان کے گن گانے لگا، ان کے اس سخاوت بھرے اقدام سے ان کی فلاحی کاموں سے محبت کا اظہار ہوتا ہے۔
اس کے ساتھ وہ جیگوار فاؤنڈیشن کے لیے بھی کام کرتی ہیں جو ضرورت مند نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کو مدد فراہم کرتی ہے۔
شنا خان نے 2015 میں امریکی شہر شکاگو میں وولف پوائنٹ ایڈوائزر کے منیجنگ ڈائریکٹر جسٹن مک کیب سے شادی کی تھی۔


