پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو ‘الیکشن اینالسز اینڈ مینجمنٹ سیل میں اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور آؤٹ ریچ کی سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پارٹی نے یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کیا، ان کے تقرر کا نوٹیفکیشن 2 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ فیشن برینڈ ایلان کی مالک خدیجہ شاہ کو 9 مئی کے فسادات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
ڈیزائنر کو توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں جیل میں قید کیا گیا تھا جس کے بعد دسمبر 2023 میں ان کی ضمانت پر رہائی ممکن ہوئی تھی۔
گزشتہ ماہ خدیجہ شاہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے انہیں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر خواتین کے لیے مخصوص قومی اسمبلی کی نشست پر نامزد کیے جانے کے بعد اپنی امریکی شہریت ترک کر رہی ہیں۔
پاکستانی قانون دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو پارلیمنٹ کے رکن کے طور پر کام کرنے سے منع کرتا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستوں کا فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں سنائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے اس پر نظرِ ثانی کی درخواست دائر کردی تھی۔
چنانچہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کے معاملے میں 12 جولائی کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، اور عدالت پر زور دیا کہ وہ مختصر حکم نامے پر نظر ثانی کی درخواست کو مسترد کرے۔
خدیجہ شاہ پی ٹی آئی کے ان ایم این ایز کا حصہ ہیں جو مخصوص نشستوں کے تنازع کے حل کے منتظر ہیں۔
پارٹی کی جانب سے آج جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پی ٹی آئی کے ای اے ایم سی کے سربراہ سلمان امجد نے خدیجہ

شاہ کو اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور آؤٹ ریچ کے لیے قومی قیادت کے طور پر مقرر کیا۔

